پاکستان میں اقلیتیں محفوظ‘ دنیا بھارتی مظالم کا نوٹس لے: بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ 

Dec 26, 2021

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں کیونکہ افغانستان کی بدامنی سے سب سے پہلے پاکستان متاثر ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈئر (ر) اعجازاحمد شاہ نے ڈی سی آفس ننکانہ صاحب میں منعقدہ تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹنے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ دنیا عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ انڈیا کے ظلم و ستم کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)  پچھلے 35 سال سے برسراقتدار آرہی ہے لیکن انہوں نے تو کشمیر کا مقدمہ عالمی سطح پر نہیں لڑا۔ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ خیبر پختون خواہ کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی ہار سے پتہ چلتا ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوئے۔ گورنمنٹ نے مداخلت نہیں کی اس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل جو ممالک جنگ لڑ رہے ہیں وہ توپوں اور نیو کلیئر سے نہیں بلکہ نوجوان نسل کو نشے کی لت پر لگا کر تباہ و برباد کر رہے ہیں اور ان کو ہیروئن سمیت دیگر نشہ آور چیزوں کا عادی بنایا جارہا ہے۔
اعجاز شاہ

مزیدخبریں