جاگیردار اور وڈیرے اسلامی نظام کی راہ میں رکاوٹ ہیں:سراج الحق

Dec 26, 2021

اسلام آباد(خبر نگار)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پرفرسودہ نظام مسلط ہے۔ 25دسمبر قائد اعظم کا یوم پیدائش ہے جنہوں نے پاکستان کو ایک نظریے کی بنیاد پر قائم کیا۔75سال گزرنے کے باوجود ملک میں اسلامی نظام قائم نہیں ہوسکا۔جاگیردار اور وڈیرے اسلامی نظام کی راہ میں رکاوٹ ہیں،یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے انگریز وں کا ساتھ دیا اورنظریہ پاکستان کی مخالفت کی۔ملک پر مسلط اشرافیہ نے عوام کو اربوں روپے کا مقروض بنایا اور لسانیت وعصبیت کی بنیاد پر ملک کو دوحصوں میں تقسیم کیا۔بد قسمتی سے موجودہ سیاسی ومذہبی لیڈروں نے بھی امت کو فرقوں میں تقسیم کر دیا۔ جماعت اسلامی یہی پیغام دیتی ہے کہ دین کو غالب کرو فرقوں میں نہ پڑو۔ جماعت اسلامی کا مقابلہ کسی ایک فرد کے ساتھ نہیں بلکہ نظام سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی اور ضلع غربی کی ایک روزہ تربیت گاہ سے الگ الگ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب امرا جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم، ڈاکٹر فرید پراچہ،امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیرکراچی حافظ نعیم الرحمن اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی موجود تھے۔
 سراج الحق

مزیدخبریں