رمیز راجہ کے دعوے جھوٹے‘کوئی سالانہ 60 لاکھ نہیں کماتا‘ سلمان بٹ

لاہور(آئی این پی)سابق کپتان سلمان بٹ نے پی سی بی کے اعدادوشمار کو مبالغہ آرائی قرار دتے ہوئے کہا کہ کسی فرسٹ کلاس کرکٹر کی سالانہ کمائی 60 لاکھ روپے حاصل نہیں ہوتی، ایسی معلومات میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے فراہم کی جاتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ڈومیسٹک کرکٹرز کی تنخواہیں بڑھانے کی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ان کو 50 سے 60 لاکھ روپے سالانہ حاصل ہورہے ہیں،اس حوالے سے یوٹیوب چینل پر سلمان بٹ نے کہا کہ دیگر کمتر کیٹیگریز کو چھوڑیں اگر صرف ’’اے پلس‘‘ کی بات کریں تب بھی ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ پانیوالوں کی سالانہ رقم 30 لاکھ بنتی ہے، باقی کھلاڑی تو ان سے بھی کم کماتے ہیں ، اے پلس کیٹیگری کا کوئی کرکٹر تینوں فارمیٹس کے 30 میچ کھیلے اور اس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنلز میں بھی شرکت کرے تو 33 یا 34 میچز کی میچ فیس جمع کرکے بھی 60 لاکھ نہیں کما سکے گا، اے پلس کیٹیگری کے تمام کھلاڑی تینوں فارمیٹس نہیں کھیلتے اور ان کی سیمی فائنلز اور فائنل میں شرکت کے بارے میں بھی یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔پی سی بی کا یہ دعویٰ ایسا ہی ہے جیسا کاروباری لوگ قیمتوں میں کمی کے نام پر گاہکوں کو جھانسہ دیتے ہیں۔ سلمان بٹ نے کہا کہ کوئی کسی شعبے کا سربراہ بنے تو کیا ضروری ہے کہ دوسرے اس کے جنون کے مطابق چلیں، کیا اسے ایسی پالیسیز نہیں بنانا چاہیئں جو آپ کے اقتدار میں نہ رہنے کے بعد بھی موثر ہوں، کوئی دوسرا آپ کے جنون کے تابع کیوں رہے۔
رمیزراجہ 

ای پیپر دی نیشن