پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے خاتم النبیین حضرت رسول کریمۖ کی شان میں گستاخی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن نے پوری دنیا کے سامنے جو دلیرانہ موقف اختیار کیا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے حضور نبی اکرم ۖ اپنی جان، مال اور اولاد سے بھی بڑھ کر عزیز ہیں، حضورۖ کی شان میں گستاخی سے سب سے زیادہ مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، اب دنیا جان چکی ہے کہ کسی بھی پیغمبر یا مذہب کی توہین کسی بھی طور سے آزادی اظہار رائے نہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں نے جب سے صدر پیوٹن کو دیکھا ہے ان کی دبنگ شخصیت کا معترف ہوں، موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں ان کا دلیرانہ بیان خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے۔
صدر پیوٹن کو توہین رسالتۖ کی دلیرانہ مذمت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں: چودھری شجاعت حسین
Dec 26, 2021 | 18:47