فنکاروں کی امداد 25ہزار کردی،کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیلئے باہر بھجوائیں گے :پرویز الہیٰ


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے2 ارب روپے سے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا فنڈ سے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔ انٹرنیشنل کوچز کو مقامی کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے پاکستان بھی بلایا جائے گا۔ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے کھلاڑیوں کو سپورٹس سکالر شپ دئیے جائیں گے۔ نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو بھی بیرون ملک ٹریننگ کیلئے بھجوایا جائے گا۔ اتھلیٹس، ریسلنگ، باکسنگ، ہاکی، فٹ بال، والی بال، بیڈ منٹن، باسکٹ بال، نیزہ بازی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس ایرینا کی سہولت فراہم کریں گے۔ انڈوومنٹ فنڈ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہوگا۔ انہوں نے کہا ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کیلئے انٹرنیشنل کوچز سے کھلاڑیوں کی تربیت ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چیف سیکرٹری نے فنڈ پر وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔ چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) اسد اللہ خان اور ڈی جی پی آر راو¿ پرویز اختر نے اجلاس میں شرکت کی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حسنین بہادر دریشک میری کابینہ کے قابل وزیروں میں سے ایک ہیں۔ میرے لئے مونس الٰہی جیسے ہیں۔ حسنین بہادر دریشک کی پرفارمنس بہت اچھی ہے۔ بطور صوبائی وزیر اپنے محکمہ کو بڑے اچھے طریقے سے چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔ انشاء اللہ، حسنین بہادر دریشک بطور صوبائی وزیر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر و رائٹر سید نورنے ملاقات کی، جس میں فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے لاہور میں جدید ترین پروڈکشن سٹوڈیو بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں جدید سینما کمپلیکس بھی بنایا جائے گا۔ ایران کے ادارے فارابی اور ترکی کے ساتھ مل کر فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ ایرانی اورترکش فلم میکرز کی معاونت سے فلم انڈسٹری کو بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان فلم میکرز کو پروڈکشن کے نئے رجحانات کی ٹریننگ دلائی جائے گی۔ ٹیوٹا کے اداروں میں فلم ٹیکنیشن کے جدید کورسز متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت لاہورکو دوبارہ آرٹ،کلچر اور فلم کا مرکز بنائے گی۔ پاکستانی فلم کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے 1 ارب روپے سے آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ مستحق فنکاروں کے لئے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے۔ فلم پروڈکشن میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سید نور نے کہا وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے اقدامات خوش آئند ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات آصف بلال لودھی، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری، ڈی جی پی آر راو¿ پرویز اختربھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے بلوچستان کے علاقے کاہان میں آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن فہد اور 4 فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہداءہمارا مان اور قوم کے ہیرو ہیں۔ عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔ بزدلانہ کارروائیاں امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔

پرویز الٰہی

ای پیپر دی نیشن