واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد حملے روکنے کیلئے امریکہ پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکی کانگریس کے دورے کے دوران 2 سینئر سینیٹرز نیو جرسی سے باب مینینڈیز اور جنوبی کیرولینا سے لنڈسے گراہم سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو بارڈر سکیورٹی میں مدد کیلئے 2023ءکے بجٹ میں فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ بلاول بھٹو نے دونوں سینیٹرز کے بیان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹر باب مینینڈیز سینٹ کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کی سربراہی کر رہے ہیں جبکہ سینیٹر گراہم ایک سینئر ری پبلکن ہیں اور سینٹ کی کمیٹی برائے عدلیہ کے سربراہ ہیں۔ دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کے مطابق افغانستان میں موجود دہشٰت گردوں نے حال ہی میں پاکستان میں حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ امریکی ترجمان کے مطابق ”بڑھتے خطرے“ سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو مدد کی پیشکش کی ہے۔ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے تعاون کریں گے۔
بلاول
افغانستان سے دہشتگرد حملے روکنے کیلئے امریکہ پاکستان کی مدد کو تیار:بلاول
Dec 26, 2022