بابائے قوم کا یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت وحترام سے منایا گیا

Dec 26, 2022


اسلام آباد (خبر نگار) ملک بھر میں قوم نے گزشتہ روز بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 146 واں یوم پیدائشں انتہائی جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ منایا۔ دن کا آغاز پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہوا جب کہ ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت میں بھی اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر بلند کئے گئے۔ سرکاری اور نجی اداروں نے گزشتہ ہفتہ بھر سے مختلف تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مقابلوں اور مباحثے کے پروگراموں کا انعقاد کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جن میں بابائے قوم کی انتھک جدوجہد، فہم و فراصت اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جس کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پیغامات کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے بالخصوص قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بالادستی کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان اکادمی ادبیات کی جانب سے 22 دسمبر جمعرات کو قائداعظم محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 146واں یوم ولادت اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ قائد کے رہنما اصولوں، ایمان، اتحاد اور نظم پر ہرصورت عمل کیا جائے گا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے قائد کے اصولوں کو اپنانا ہو گا۔ قائداعظم نوجوانوں سے بہت محبت کرتے تھے۔ اصولوں کی پابندی کرنا میرے نبی کی سنت ہے۔

قائد/ یوم پیدائش

مزیدخبریں