امن دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ رکھی جائے:وزیر اعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت کردوں کے خلاف آپریشن میں ایک سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہد سکیورٹی اہلکار کے خاندان سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے ایک اور بہادر سپوت نے وطن پر جان نثار کر دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردو ں کے خلاف کاروائیوں سے ملکی سرحدیں محفوظ بنا رہی ہیں۔ قوم اپنے سکیورٹی اداروں کو سلام پیش کرتی ہے۔ دریں اثنا ء وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز چمن میں فائر نگ سے لیویز اہلکار کی شہادت پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے سبزل روڈ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں 3 خواتین سمیت 4 افراد کے زخمی ہونے پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے آئی جی پولیس کو شہر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف آئی بی اوز جاری رکھنے کی ہدایت کی  ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ امن دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔جبکہ محکمہ موسمیات کی بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش وبرف باری کی پیشن گوئی کے تناظرمیں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھیں پی ڈی ایم اے موسم کے حوالے سے حساس اضلاع میں امدادی سامان دستیاب رکھے اور برف باری کے علاقوں میں قومی شاہراؤں کی ممکنہ بندش کے پیش نظر بھاری مشنری اور عملہ تعینات کیا جائے۔ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ،پی ڈی ایم اے،این ایچ اے اور محکمہ مواصلات کے مابین کوارڈینیشن قائم کی جائے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کنٹرول روم کا قیام عمل میں لائے اور زیارت،کوڑک ٹاپ،کان مہتر زئی،لک پاس اور بولان پاس میں برف ہٹانے کی مشنری تیار رکھی جائے۔

ای پیپر دی نیشن