کورونا کی جان لیوا وباءنے ایک بار پھر چین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس کا پھیلاﺅ کس قدر خطرناک ہو گیا ہے اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ چین میں صرف ایک روز میں تین کروڑ ستر لاکھ افراد کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ماہِ رواں میں 50 کروڑ چینیوں کے بیمار ہونے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ 20 دنوں کے دوران کورونا کے 25 کروڑ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی 18 فیصد آبادی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہے۔ یہ صورتحال چین سے باہر کے ممالک کے عوام کے لیے تشویشناک ہے۔ لاکھوں لوگ روزانہ چین کے مختلف شہروں سے آتے اور وہاں جاتے ہیں۔ لوگوں کی اس بڑی تعداد میں چین میں آمدورفت ان کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان میں اس حوالے سے قومی ادارہ¿ صحت (این آئی ایچ) کی طرف سے بظاہر کسی خطرے کا اظہار نہیں کیا گیا لیکن اس ادارے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 4 ہزار 403 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مہلک وائرس میں مبتلا 17 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ قومی ادارہ¿ صحت کی رپورٹ بذاتِ خود اس حقیقت کی مظہر ہے کہ پاکستان کورونا سے بہرحال محفوظ نہیں۔ چین میں ایک دن کے اندر قریباً پونے چار کروڑ افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی سمجھی جانی چاہیے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ا س ضمن میں کسی کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ ابھی سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس موذی وباءسے بچاﺅ کی سبیل کرنی چاہیے تاکہ بیماری قابو میں رہے اورملک کے مسائل میں مزید اضافہ نہ ہو۔
چین میں کورونا کا پھیلاو¿
Dec 26, 2022