لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کچے کے علاقے سے اغوا ہونے والے چار مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرانے پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے ہدایت کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف پنجاب پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں پنجاب پولیس رحیم یار خان نے گذشتہ رات بروقت کاروائی کرتے ہوئے کچے کے علاقے سے اغوا ہونے والے چار مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ڈی پی او رحیم یار خان اختر فاروق نے بتایا کہ اغواء کاروں نے رات گئے مریض چیک کرنے کاجھانسہ دیکر مقامی عطائی ڈاکٹر ریاض دشتی اور تین دشتہ داروں کو اغواء کر لیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے بکتر بند گاڑیوں اور ایلیٹ ٹیمز کے ہمراہ ملزمان کا تعاقب کیا۔ ڈی پی او اختر فاروق نے مزید بتایا کہ اغواء کار پولیس کے گھیراؤ اور آپریشن پر مغویوں کو چھوڑ کر دھند اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ اغواء کاروں کی تلاش کیلئے پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او رحیم یار خان نے مزید کہا کہ بازیاب شہریوں کے نام ریاض ، سراج ،جان محمد اور وحید بھونگ کے رہائشی ہیں۔پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران چاروں مغویوں کو اپنی محفوظ تحویل میں لے کرورثاء کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کے قلع قمع تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں ترجیحی بنیادوں پر جاری رہیں گی۔
کچے کے علاقہ سے 4مغویوں کو بازیاب کرالیا: آئی جی
Dec 26, 2022