حسن ابدال(نمائندہ نوائے وقت ) بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے موٹر وے پولیس کی جانب سے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ڈی آئی جی موٹر وے ملک یوسف اور سیکٹر کمانڈر ایم ون شفیق الرحمن کی ہدایات کی روشنی میں روڈ سیفٹی آفیسرز نے پی ایس او ڈپو کا دورہ کرتے ہوئے نئے قوانین کے بارے میں آئل ٹینکرز مالکان اور ڈرائیوروں کو بریفنگ دی۔ان کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے قانون پر عمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔آئل ٹینکرز کے حادثہ کی صورت میں بڑے پیمانے پر نقصان کی روک تھام کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 10جنوری 2023 ء کے بعد کسی ایسے آئل ٹینکر کو موٹر وے پر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جس کے سائیڈ اور پچھلے بمپرز موجود نہ ہوں گے جبکہ ڈش بورڈ کیمرہ بھی ضروری قرار دے دیا گیا ہے تا کہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں حادثہ کی وجوہات کوسامنے لایا جا سکے۔