ناقدین کی پرواہ نہیں زندگی اپنے اصولوں پر گزارنے پر یقین رکھتی ہوں، ریحام خان

Dec 26, 2022

عنبر ین فاطمہ

ریحام خان کی ماڈل مرزا بلال سے شادی 
جائز کام کیا ہے کوئی گناہ نہیں کیا ، جسے تنقید کرنی ہے کرتا رہے 
پاکستان میںجو کام شروع کررکھے ہیں وہ جاری رہیں گے، ہم دونوں آتے جاتے رہیں گے 
میرے بچوں نے شادی میں مکمل سپورٹ کیا،میرا بیٹا میرا وکیل بنا 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عنبرین فاطمہ 
ریحام خان جنہوں نے سات برس قبل عمران خان سے شادی کرنے کے چند ماہ  بعدعلیحدگی اختیار کر لی تھی حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر خبروں تبصروںمیںہیں ۔انہوں نے امریکی شہری مرزا بلال کو اس بار اپنا جیون ساتھی بنایا ہے۔ریحام اور مرزا بلال کا نکاح امریکی شہر سیاٹل میں ہوا۔ ریحام نے ٹوئٹر پر اپنی شادی کی خبر دنیا کے ساتھ شئیر کی اور بتایا کہ ان کا بیٹا اس موقع پر ان کا وکیل بنا جبکہ مرزا بلال کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ بالاخر انہیں ایک ایسا شخص مل گیا ہے جس پر وہ اعتماد کر سکتی ہیں۔ریحام خان نے شادی کے اعلان کے ساتھ ہی ٹویٹر پر اپنی اور اپنے شوہر کی شادی کی خوبصورت تصاویر بھی شئیر کیں جن وہ خاصی خوبصورت لگ رہی ہیں۔ ایک تصویر ایسی بھی ہے جس میں ان کا بیٹانکاح کے موقع پر ان کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔ ادھر ریحام نے شادی کا اعلان کیا اُدھر سوشل میڈیا پر ایک طوفان بپا ہو گیا۔ تاہم ریحام خان نے اپنی شادی کے حوالے سے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میرا اور میرے شوہر کا تعلق پاکستان سے ہے، ہم دونوں کے دل میں اپنے ملک کے لئے محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے ۔اورسیز پاکستانیوں کو پاکستانی کی بہت یاد آتی ہے۔ میری جیسی زندگی رہی ہے اس میں سفر کافی رہتا ہے ، میں نے پاکستان میں کچھ کام شروع کر رکھے ہیں اس کے لئے میں پہلے بھی پاکستانی آتی تھی اب بھی آتی جاتی رہوں گی بلکہ میرے شوہر بھی میرے ساتھ آتے جاتے رہیںگے۔ لیکن ظاہر ہے شادی انسان اکٹھے رہنے کے لئے کرتا ہے تو ہم اکٹھے رہیں گے باقی کام کے لئے سفر کرنا پڑتا ہے وہ سلسلہ تو ساتھ ساتھ جاری رہے گا۔ ریحام خانے کہا کہ جو لوگ میری شادی پر تنقید کررہے ہیں ان سے بس اتنا ہی کہنا چاہوں گی کہ میں نے جائز کام کیا ہے شریعت کے مطابق نکاح کیا ہے ۔ ریحام خان نے کہا کہ شرعی کام کرنے کے باوجود بھی اگر کوئی تنقید کررہا ہے تو سمجھ جائیں کہ وہ ایسا کیوں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوںکو تنقید کرنی ہے وہ کرتے رہیں گے ان کے پاس اس کام کے علاوہ دوسرا کام جو نہیں ہوتا۔ اب میں تنقید سے گھبرا کر کسی بھی فیصلے سے پیچھے تو ہٹنے والی نہیں ہوں ۔ مجھے کسی ناقد کی تنقید کی پروا نہیں ہے نہ پہلے کبھی کی تھی ، اپنی زندگی جیسے گزارنا چاہتی ہوں گزاروں گی اور اپنے اصولوں کے مطابق گزاروں گی ۔ ریحام خان نے کہا کہ میں تو سب سے کہوں گی کہ کسی کی باتوں کی پرواہ نہ کریں جو کرنا ہے کریں ۔ ریحام خان نے یہ بھی کہا کہ اس شادی میں مجھے میرے بچوں کی مکمل سپورٹ حاصل رہی ۔ میرے بچے اب انڈیپینڈینٹ ہیں بڑے ہو گئے ہیں میری ذمہ داریاں پہلے کی طرح نہیں رہیں۔میرے بیٹے نے اس شادی میں میرے وکیل ہونے کا فرض نبھایا ۔ یہ پہلی بار تھا کہ میری کسی شادی میں میرے بچے مکمل طور پر انوالو رہے پہلے کی شادیوں میں وہ چھوٹے تھے اور باہر کے ملک میں تھے ۔ اب کی بار وہ میرے ساتھ تھے انہوں نے میرا ایسے ساتھ دیا جیسے کہ والدین دیتے ہیں۔ میں نے اس بار کی شادی میں بچوں کے ساتھ فیملی کے دیگر لوگوں سے مشورے بھی لئے اور ان کے ساتھ مکمل طور پر ڈسکشن کی اور اس شادی کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر مرزا بلال امریکہ میں رہتے ہیں اور وہاںایک گلوبل کمپنی میںکام کرتے ہیں شوقیہ طور پر ماڈلنگ بھی کرتے ہیںاور طنزو مزاح کا بھی شوق رکھتے ہیں ۔ وہ اپنے کام میں اتنے مصروف رہتے ہیں کہ ان کو ماڈلنگ کیلئے باقاعدہ وقت نہیں ملتا لیکن اب میں ان کی حوصلہ افزائی کروں گی کہ وہ ماڈلنگ پر توجہ دیں اور جو طنزومزاح کا ان کا شوق ہے اسکو جاری رکھیں۔ ریحام خان نے کہا کہ میرے شوہر میری ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں لہذا وہ مجھے میرے ہر معاملے میںمجھے سپورٹ کریںگے ۔ ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کریںگے تاکہ ہماری زندگی بہترین انداز میں آگے بڑھتی رہے۔
ریحام خان کی شادی کی خبر پر انہیںہر طرف سے مبارکبادیں موصول  ہوئیں سوائے پی ٹی آئی کے سپورٹرز کے۔ مرزا بلال ریحام خان سے 13سال چھوٹے ہیں اس چیز کو ریحام خان کے لئے پی ٹی آئی کے سپورٹرز طعنہ بنا رہے ہیں اچھی بات یہ ہے کہ ریحام خان اور مرزا بلال ایک دوسرے کے ساتھ کافی خوش ہیں ۔ مرزا بلال کی ٹوئٹر پروفائل کے مطابق وہ مقامی ٹی وی کے مشہور زمانہ شو دی فور مین شو میں کا حصہ رہے،  اس کے علاوہ انہوں نے ایک بڑے چینل میں بھی کام کیا۔جہاں تک ریحام خان کی مرزا بلا ل کے ساتھ شادی کی بات ہے تو انہوں نے اس سے قبل عمران خان کے ساتھ2015  میں شادی کی ان سے قبل انہوں نے پہلی شادی 90 کی دہائی میں اعجاز رحمان سے کی جو 2005 میں طلاق پر ختم ہوئی، اس شادی سے  ان کا1 بیٹا اور 2 بیٹیاں ہیں ،جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔یاد رہے کہ ریحام خان کی تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کے ساتھ شادی محض دس مہینے رہی طلاق کے تین سال کے بعد انہوں نے اپنے نام سے ایک کتاب لکھی جو کہ آج بھی کسی نہ کسی حوالے سے زیر بحث رہتی ہے۔ ریحام خان کی عمر 49سال جبکہ مرزا بلال 36سال کے ہیں ۔ ریحام خان اور مرزا بلال کی عمروں میں فرق پر تنقید کرنے والے شاید یہ بھول گئے ہیں کہ عمران خان اور جمائما کی عمروں میں 22 سال،عمران خان اور ریحام خان کی عمروں میں 21 سال،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عمروں میں 22 سال کا فرق ہے۔ ریحام خان زندگی کا نیا سفر شروع کر چکی ہیں جس پر وہ کافی خوش اور مطمئن ہیں لیکن انہیں سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا ہے جہاں ان پر تنقید ہو رہی ہیں وہیں بڑی تعداد میں ان کو مبارکبادیں بھی موصول ہو رہی ہیں ہر کوئی ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کررہا ہے۔ ریحام خان ان دِنوں امریکہ میں  ہیں۔ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مزیدخبریں