کراچی ( این این آئی)متحدہ علماء محاذ پاکستان دفاع افواج پاکستان فورم کے بانی سربراہ مولانا محمد امین انصاری و دیگر علماء مشائخ نے25دسمبر یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے موقع پرمرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ افکار قائد اعظم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران قائد اعظم کے اصولوں کو اپنائیں ،ملک و قوم کی خوش حالی کیلئے حکمران قائد اعظم کی طرز حکمرانی کو مشعل راہ بنائیں ۔بد عنوانی ،کرپشن ،اقر بأ پرستی کے خاتمے اورایمانداری، اصول پرستی ،سادگی،کفایت شعاری،حق پرستی کیلئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار و مشن حکمرانوں و سیاست دانوں اور پوری قوم کیلئے صحیح سمت رہنمائی کا ذریعہ ہیں ۔کشمیر و فلسطین کے حوالے سے قائد اعظم کے واضح دو ٹوک جرات مند آنہ موقف سے بغاوت و انحراف کرنے والوں کا ہر سطح پر محا سبہ جاری رکھیں گے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور فلسطین پر قابض و غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے کے اصولی موقف کو اجاگر کرتے رہیں گے ۔قائد اعظم کے پاکستان کے اسلامی ،فلاحی و انسانی نظرئیے کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔پاکستان کی بقا ء ،استحکام ، سلامتی اور حفاظت کیلئے رات دن خدمت اور قربانیاں دینے والے افواج پاکستان کے خلاف کسی بھی اندرونی و بیرونی دشمن سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔سیمینار کی صدرات سرپرست مولانا انتظار الحق تھانوی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی چیئرمین علامہ عبد الخالق فریدی،وائس چیئرمین علامہ علی سرکار نقوی،سینیئر وائس چیئرمین علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی ،صدر کراچی شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود ،شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ترک ،بشپ خادم بھٹو ،مفسر قرآن علامہ مفتی روشن دین الرشیدی،مولانا منظر الحق تھانوی ،علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی ،ممتاز تاجر رہنما مولانا جنید باڑی ،مولانا حافظ گل نواز ،مولانا فہیم الدین انصاری و دیگر نے قائد اعظم کی شخصیت کے مختلف پہلووں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔