کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں دشمن کی ہر سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنانا ہوگا اس ضمن میں علما کرام کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں دینی اور عصری تعلیم کا امتراج اسے ایک ممتاز و منفرد درس گاہ بناتا ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ مفتی عبدالرحیم کے سینکڑوں شاگرد پورے پاکستان میں دین کی روشنی پھیلارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ الرشید کے المنائی ایسوسی ایشن کے بارہویں سالانہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جامعتہ الرشید کے سرپرست اعلی مفتی عبدالرحیم، معروف عالم دین مولانا طارق مسعود، جامعتہ الرشید کے شیخ الحدیث مفتی محمد، اساتذہ کرام اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں دوبارہ مدعو کرنے پر مفتی عبدالرحیم کا مشکور ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ مفتی عبدالرحیم اور جامعہ کی انتظامیہ ہر شعبہ کے احسن انتظام پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعتہ الرشید کی المنائی کا قیام بھی خوش آئند ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ الغزالی یونیورسٹی کے چارٹر میں میرے دستخط کا ہونا انتہائی سعاد ت کی بات ہے، الغزالی یونیورسٹی طالب علموں کو اعلی تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرے گی، جبکہ جامعتہ الرشید کے 40 شعبے دینی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز (KIMS) سے بھی بہترین پروفیشنلز سامنے آرہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میر کوشش ہوگی کہ جامعتہ الرشید کے تمام منصوبوں میں مکمل مدد اور تعاون کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعتہ الغزالی بھی دیگر جامعات کے لئے اور روشن مثال ثابت ہوگا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں پاکستان کے لیے سوچا جاتا ہے، اسی لیے جامعتہ الرشید آکر ذہنی اور قلبی سکون ملتا ہے۔ انہوں نے کہ جامعتہ الرشید کے دورہ سے مجھے اندازہ ہوا کہ جو کام ریاست کو کرنا چاہئے تھا، وہ کام الحمدللہ، جامعتہ الرشید کررہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جامعتہ الرشید کے سرپرست اعلی مفتی عبدالرحیم ایک ایسی شخصیت ہیں جن سے بار بار ملنے کو دل کرتا ہے، ہمارے بڑوں نے جو خواب دیکھا تھا، اس خواب کو مفتی عبدالرحیم صاحب نے پورا کیا ہے۔ سرپرست اعلیٰ مفتی عبدالرحیم نے اپنے خطاب میں الغزالی یونیورسٹی کے چارٹر کی منظوری میں گورنر سندھ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ نیک عمل ہمیشہ الغزالی یونیورسٹی میں ہمیشہ موجود رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ دینی جامعات اور مدارس سے کتنی محبت رکھتے ہیں۔ انہوں مزید کہا کہ گورنر سندھ کا لوگوں میں نفرتیں ختم کرکے محبتیں بانٹنے کا عمل بھی سراہے جانے کے قابل ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ جامعتہ الرشید نے اب تک تین ہزار سے زائد طالب علم اپنی تعلیم مکمل کرکے ملک اور بیرون ملک مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ الغزالی یونیورسٹی کے نامزد وائس چانسلر ڈاکٹر ذیشان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔