اسلام آباد‘ نئی دہلی (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر اور پاکستان شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی‘ گلزار احمد نے ایک مشترکہ بیان میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قراردیا تھا اور کہا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ قائد اعظم کی سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قائد ایک تاریخ ساز شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کےلئے ایک علیحدہ وطن کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہاکہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان معرض وجود میں آیا اور یہی نظریہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بھی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ قائد اعظم حق پر تھے اور ان کی انتھک جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی شکل میں ایک علیحدہ وطن فراہم کیا۔ بھارت میں اقلیتیں خاص طور پر مسلمان غیر محفوظ ہیں اور بھارت نے روز اول سے ہی نہ صرف غیرقانونی قبضے والے کشمیر بلکہ دیگر بھارتی ریاستوں میں بھی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا ہے۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی تحریک پاکستان کا ہی تسلسل ہے اور جموں وکشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہوسکے۔ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداﷲ نے کہا ہے کہ کشمیری پنڈتوں کا کشمیر واپسی سے انکار کشمیر میں امن کے بھارتی حکام کے دعووں کی نفی کرتا ہے۔
حریت کانفرنس