راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )راولپنڈی ڈویڑن میں مردم و خانہ شماری کے سلسلہ میں راولپنڈی ڈویژن میں پانچ روزہ ٹریننگ برائے ٹرینرز کا انعقاد کیا گیا ٹریننگ سیشن کی مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر ریوینیو کنزہ مرتضیٰ تھیں انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ شماریات کے زیر اہتمام ملک کی ساتویں مردم و خانہ شماری کی جا رہی ہے جو کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ترقی و تعمیر کیلئے درست اعدادوشمار کا انتہائی اہم کردار ہے کیونکہ اعداد و شمار کی روشنی میں ہی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مردم و خانہ شماری کے عملہ سے بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری کے عملہ کو درست معلومات فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے ڈویڑنل انچارج محکمہ شماریات راولپنڈی سید حسن رضا نے کہا کہ پانچ روزہ ٹریننگ سیشن کے شرکاء کو مردم و خانہ شماری کیلئے عملی و اخلاقی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی ٹریننگ فراہم کی گئی ہے اور ٹریننگ کے آخری دن تمام شرکاء کو مردم و خانہ شماری کی عملی مشق بھی کرائی گئی ہے۔
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے ساتویں مردم و خانہ شماری جاری ،شہری عملہ سے تعاون کریں : کنزہ مرتضیٰ
Dec 26, 2022