لاہور‘ ہارون آباد/بہاولپور (نامہ نگاران+ آئی این پی + این این آئی) سندھ، پنجاب اور خیبر پی کے سمیت ملک کے متعدد علاقے گہری دھند کی لپیٹ میں آگئے۔ ٹریفک حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ حد نگاہ شدید متاثر ہونے سے مختلف موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم1 پشاور تا اسلام آباد جبکہ موٹروے ایم2 لاہور سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ پنجاب کے شہروں لاہور اور ملتان کے ایئرپورٹس پر شدید دھند کی وجہ سے فضائی آپریشن شدید متاثر رہا۔ رپورٹ کے مطابق ملتان ایئر پورٹ پر حد نگاہ 150 میٹر رہ گئی جبکہ لاہور ایئر پورٹ پر حد نگاہ 600 میٹر رہی۔ دھند کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 6305 ساڑھے 4 گھنٹے، لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 715 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے735 بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔ دوسری جانب پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز پی کے860 کو اسلام آباد میں اتار لیا گیا۔ کراچی سے لاہور پہنچنے والی پروازوں کو بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ ہارون آباد اور قرب و جوار میں شدید دھند سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ سردی کی شدت میں اضافہ جبکہ بازاروں میں خریداروں کا رش بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ سخت سردی کے باعث بچوں اور بڑوں میں کھانسی اور چیسٹ انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ احمد پور شرقیہ ٹال پلازہ کے قریب شاہ زور ڈالے اور ٹرالر میں ٹکر کے نتیجہ میں تین نوجوان مو قع پر دم توڑ گئے۔ مزمل، اٹھارہ سالہ عبدالاحد اور بیس سالہ محمود سبزی لوڈ کر کے چنی گوٹھ جارہے تھے۔ رحیم یار خان سردار گڑھ کے رہائشی 22سالہ معین الدین اپنی50ساوالدہ تاج بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پرظاہر پیر جا رہا تھا کہ قومی شاہراہ پر بستی چاچڑاں کے نزدیک انتہائی تیز رفتارٹرالر نے موٹر سائیکل سوار ماں بیٹے کوکچل ڈالا جس کے نتیجہ میں دونوں موقع پر ہی دم توڑگئے۔ ظاہر پیر کا رہائشی50سالہ طالب حسین موٹر سائیکلوں کے تصادم میں شدید زخمی ہو جانے پر ورثاءنے انتہائی تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جہاں طالب حسین طبی امداد کے باوجود جانبر نہ ہو پایا اور دم توڑگیا۔ کوٹ چھٹہ جھوک اترا روڈ پر تیز رفتاری کے باعث 3 موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ علی الصبح شدید دھند کے باعث ڈیرہ سے ملتان جاتے ہوئے پل غازی گھاٹ ٹول پلازہ کے قریب مسافر بس اور لوڈر مزدا کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں ایک مسافر موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
دھند، حادثات