پرویز الٰہی نے ہمیشہ ملک اور دین کےلئے مثبت فیصلے کئے: زبیر احمد ظہیر 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خاں، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کی تمام قیادت اور ممبران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے خاتم النبین یونیورسٹی لاہور کے قیام کا بل پاس کر کے تمام عاشقانِ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا تحفظِ ناموسِ رسالت کے لئے کوئی بھی خدمت مغفرت اور نجات کی گارنٹی ہے۔ وہ ممبران بڑے خوش قسمت ہیں جنہوں نے محبان رسول کے جذبات و احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے تحفظِ ناموسِ رسالت کے پہریدار ہونے کا شرف حاصل کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں اسلامی جمہوری اتحاد میں شامل جماعتوں کے علماءکے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں پروفیسر عدنان فیصل، مولانا پروفیسر فیاض احمد سلفی، مولانا حافظ حسنین احمد قصوری اور دیگر علماءنے شرکت کی۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی نے عوام کی فلاح و بہبود، خدمتِ قرآن، تحفظِ ناموس رسالت اور نظریہ پاکستان کے لئے بڑے مثبت اور تعمیری فیصلے کئے۔ جن کو ملتِ اسلامیہ پاکستان کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خاتم النبین یونیورسٹی لاہور کے قیام کے لئے تمام عملی اقدامات فوراً شروع کیے جائیں اور اس عملِ خیر میں کسی تاخیری حربے اور رکاوٹ کو ہرگز حائل نہ ہونے دیا جائے۔
زبیر احمد ظہیر 

ای پیپر دی نیشن