اسلام آباد (وقائع نگار)یونین کونسل 86شیخ پور اسلام آباد سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین مرزا محمد حفیظ اور وائس چیئرمین راجہ شکیل احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو ایسے وقت میں سہارا دیا ہے جب ملک سابق حکمرانوں کی نالائقیوں کی بدولت ڈیفالٹ کرنے کے قریب تھا ،معاشی حالت کی خرابی قرضوں کی بھرمار نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اچھا پرفارم کرے گی، یونین کونسل 86سے منتخب ہو کر موضع شیخ پور کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے سیکٹر آئی چودہ پندرہ اور شیخ پور کی محرومیوں کاازالہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں حکمرانوں نے ساڑھے تین سالوں میں 26ہزار ارب کے قرضوں کا بوجھ ملک کی معیشت پر ڈالا ہے جس کے اثرات آج پورا ملک مہنگائی، بیروز گاری کی صورت میں برداشت کررہا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو تجربہ گاہ کے طورپر چلایا گیا اور بے دردی سے لوٹا گیا، لیگی رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت معاشی حالات کا درست سمت میں چلانے کی کوشش کررہی ہے، یونین کونسل 86شیخ پور مسائل کی بھر مار ہے ایم سی آئی کو گزشتہ دور میں اختیارات نہیں دئیے گئے دیہی علاقے ایم سی آئی کے اختیارات نہ ہونے کے باعث بلدیاتی نظام کے ثمرات سے محروم رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہم 31دسمبر کو الیکشن جیت کر یونین کونسل شیخ پور کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور شیخ پور کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
بلد یاتی الیکشن میںپاکستان مسلم لیگ (ن) اچھا پر فارم کریگی : مرزا محمد حفیظ ، راجہ شکیل احمد
Dec 26, 2022