پاکستان نے بھارت کی طرف سے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں 3 کشمیری شہریوں کے حراست کے دوران کیے جانے والے وحشیانہ قتل کی مذمت کی ہے۔ تینوں کشمیریوں کو بھارتی قابض فوج کے ایک کیمپ میں تشدد کر کے ہلاک کیا گیا۔ تینوں افراد کو برہنہ کر کے مرچ پاؤڈر چھڑکنے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بے لگام ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حراست کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر ظالمانہ قبضہ تمام مسائل کی جڑ ہے۔ کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ دوسری جانب، کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی حمایت یافتہ نریندر مودی کے زیر قیادت چلنے والی بھارت کی ہندوتوا حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف ایک بھرپور جنگ چھیڑرکھی ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کو دبایا جاسکے۔ مقبوضہ کشمیر میں حراست کے دوران معصوم شہریوں کا قتل بھارتی فوج کا روز کا معمول بن چکا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر نوجوان کشمیریوں کو گرفتار کرکے ان پر تشدد کرکے انھیں شہید کر دیا جاتا ہے یا انھیں زندگی بھر کے لیے ذہنی اور جسمانی معذور کردیا جاتا ہے۔ بھارت جس طرح وادی میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے اور جس تیزی سے مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے وہاں نسل کشی کررہا ہے وہ انسانی حقوق کے علمبردار اداروں، تنظیموں، طاقتوں بالخصوص اقوام متحدہ کے لیے لمحۂ فکریہ ہونا چاہیے مگر بدقسمتی سے امریکا جس طرح بھارت کی پشت پر کھڑا نظر آتا ہے یہ امر مسلم ممالک سے اس بات کا متقاضی ہے کہ وہ اپنے تمام اختلافات بھلا کر الحادی قوتوں کے خلاف متحد ہو کر ان کے ایجنڈے کا توڑ کریں کیونکہ الحادی قوتوں کا اتحاد کھل کر سامنے آچکا ہے۔ یہ قوتیں اسرائیل اور بھارتی جارحیت کا کھل کر ساتھ دے رہی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مسلم امہ اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے پلیٹ فارم پر متحد اور یک جہت ہو کر ان قوتوں کا مقابلہ کرے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے وحشیانہ مظالم
Dec 26, 2023