لاہور + اسلام آباد + کراچی (وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ) 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے بعد عام انتخابات کی تیاریاں دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئیں ۔ ملک بھر میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا ہے جو 30 دسمبر تک جاری رہے گی، 3 جنوری کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلیں دائر ہو سکیں گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر سے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل اور مخصوص نشستوں کی عبوری فہرست جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عبوری فہرست کے مطابق چاروں صوبوں اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے لیے مجموعی طور پر 7713 کاغذات نامزدگی جمع، جس میں مرد 7242، خواتین امیدوار471، خواتین 459 جبکہ 150 اقلیتی امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے20304 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ خواتین امیدواروں نے 802، مردوں کی تعداد 17744 کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہے۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کے لیے 3594 مرد اور 277 خواتین امیدواروں ، سندھ میں قومی اسمبلی کے لیے1571مرد اور 110 خواتین ، خیبر پی کے میں قومی اسمبلی کے لیے1283 مرد اور 39 خواتین جبکہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کے لیے 612 مرد اور 19 خواتین کے فارم جمع ہوئے۔ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے لیے 182 مرد اور 26 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ چاروں صوبوں سے قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں پر 459 امیداروں تاہم چاروں صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 1365 امیدواروں کے فارم جمع ہوئے۔ چاروں صوبائی اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستوں پر 361 مرد اور 32 خواتین امیداروں کے کاغذات جمع کرائے گئے۔قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستوں پر 140 مرد اور 10 خواتین امیداروں نے فارم جمع کرائے۔ پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 601، سندھ 309، خیبر پی کے321،بلوچستان میں134 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں پرپنجاب میں 195، سندھ اسمبلی 118 ،خیبر پی کے97 ، جبکہ بلوچستا ن سے 49 کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے۔قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر 140 مرد اور 10 خواتین امیدواروں کے کاغذات جمع ہوئے۔ پنجاب اسمبلی میں اقلیتی نشست پر 118مرد، 9 خواتین ، سندھ 117مرد، 8خواتین ،خیبر پی کے 68مرد،6 خواتین جبکہ بلوچستان سے 58مرد، 9 خواتین کاغذات مامزدگی جمع کرائے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے ریکارڈ کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔ تحریک انصاف نے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 859 سیٹوں پر ریکارڈ 2434 کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اسلام آباد (وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ)عام انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدوار وں کو پولیس، نادرا، نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر، سٹیٹ بینک، پاور ڈویڑن، پیٹرولیم ڈویڑن، نیشنل کمیونیکیشن ڈویڑن، ہاؤسنگ ڈویڑن، چاروں چیف سیکریٹریز، سی ڈی اے کی سکریننگ سے گزرنا پڑے گا اور تمام مراحل پار کرنے والا ہی الیکشن 2024 کی سکروٹنی پاس کرسکے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے آن لائن سہولت مرکز قائم کر دیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آن لائن سہولت مرکز چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے اور آر اوز امیدواران کے کوائف کی چھان بین کیلئے متعلقہ اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں، نادہندہ امیدواران جانچ پڑتال کے دوران 30 دسمبر تک متعلقہ آر او سے رجوع کریں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری پاور ڈویڑن ، سیکریٹری پٹرولیم ڈویڑن، سیکریٹری نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ڈویڑن، سیکریٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس ڈویڑن ، چاروں چیف سیکریٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے کو بھی تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ وہ ریٹرننگ افسران سے امیدواران کی فہرستیں حاصل کریں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ امیدواروں کی فہرست کا اجراء گزشتہ روز کردیا گیا ہے، حکومت کے تمام وفاقی ، صوبائی ادارے فوری ریٹرننگ افسران سے رابطہ کریں۔ملک بھر میں قومی اسمبلی میں مردوں کی نسبت خواتین امیدواروں کی شرح 6.10 فیصد جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں مردوں کے مقابلے میں خواتین امیدواروں کی نمائندگی 4.32 فیصد ہے۔ملک بھر میں 28626 جنرل اور مخصوص نشستوں کے امیداروں نے مجموعی طور پر 65 کروڑ 57 لاکھ 40 ہزار روپے فیس جمع کرائی۔ ؎قومی اسمبلی جنرل اور مخصوص نشستوں پر 8322 امیدواروں سے 24 کروڑ 96 لاکھ 60 روپے روپے فیس وصول کی گئی۔چاروں اسمبلی میں جنرل اور مخصوص نشستوں کے 20304 امیداروں نے 40 کروڑ 60 لاکھ 80 ہزار روپے فیس جمع کرائی۔ قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی 459 خواتین امیدواروں نے 1 کروڑ 37 لاکھ 70 ہزار روپے فیس جمع کرائی۔ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں پر 1365 خواتین سے 2 کروڑ 73 لاکھ روپے فیس وصول کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے 30 ہزار اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے لیے 20 ہزار روپے فیس مقرر کی ہے۔