اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان ٹیلی ویژن میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی اور کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ سمیت پی ٹی وی کے دیگر افسر بھی موجود تھے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مسیحی برادری بالخصوص پی ٹی وی کے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس لمحے میں ہم سب آپ کے ساتھ شریک ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات شاہیر شاہد اور ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ نے مسیحی ملازمین کو مبارکباد دیتے کہا پی ٹی وی میں کرسمس کی تقریب ہمیشہ روایت رہی ہے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بابائے قوم کے دئیے گئے بنیادی اصولوں میں ہی ترقی کے راز پوشیدہ ہیں۔ قائداعظم ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے، ان کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔ ہماری مشکلات کا حل بھی جمہوریت، مذاکرات اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے مختلف سکولوں کے بچوں کے مابین یوم قائد پر تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے سکولوں کے بچوں کی تقاریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی وجہ سے یہ ملک بنا، آج ہم انہی کی وجہ سے یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے آئینہ میں دیکھیں تو قائداعظم کی بہت سی تعلیمات پر ہم نے عمل نہیں کیا لیکن آج بھی ہمیں یقین ہے کہ قائداعظم کے بنیادی اصولوں پر عمل کر کے ہی ہم مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ تقریب میں بہترین تقریر پر پہلی پوزیشن اسلام آباد ماڈل کالج جی نائن فور کی نویں جماعت کی طالبہ ایمن فرحان، دوسری پوزیشن اسلام آباد درکالہ کے ماڈل سکول کی نویں جماعت کی سندس فاروق جبکہ تیسری پوزیشن اسلام آباد ماڈل سکول ہمک کی دسویں جماعت کی طالبہ فیروزہ بی بی نے حاصل کی۔ قائداعظم کی سیاسی جدوجہد کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم اور ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بنایا گیا ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔ قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔