لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلی آفس میں اپنی نوعیت کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ساتھ قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر کیک کاٹا اور قوم کو مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا احسان ہے کہ آج ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔ ہماری آنے والی نسلیں بھی قائد کا یہ احسان اتار نہیں سکتیں۔ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد کے سیف سٹی پراجیکٹس کے سول ورکس کو 31دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور ان منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ 31 جنوری تک تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونا چاہیے۔ محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ساتھ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئے اور صوبائی وزراء کے ہمراہ سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لارنس روڈ پر دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ مسیحی برداری کے ساتھ ملکر کرسمس کا کیک کاٹا۔آرچ بشپ آف لاہور، سبسٹین فرانسیسز شا نے وزیر اعلی محسن نقوی کو پھول پیش کئے اور دعا کرائی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسیحی برداری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مسیحی برادری کو ہیپی کرسمس۔ تقریب سے خطاب میںکہا کہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ جڑانوالہ واقعہ کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ جڑانوالہ واقعہ کے آخری ذمہ دار کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ جڑانوالہ واقعہ میں متاثرہ گرجا گھروں اور متاثرین کے گھروں کو فوری طور پر بحال کیا گیا۔ اس اجلاس کا مقصد مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ اجلاس میں جڑانوالہ میں نقصان کے ازالے اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔ اقلیتی برادریوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس نبی پاک نے بھی دیا ہے اور قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے۔ دین اسلام بتاتا ہے کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جائے۔ مسلمان، مسیحی اور دیگر اقلیتیں سب اکٹھے ہیں۔ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم سب برابر ہیں۔ اقلیتوں کے ملازمتوں، داخلے، دیگر کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام آپ کے بھی ہیں اور ہمارے بھی ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کی خوشیوں میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے معروف اداکار نثار قادری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کے کیلئے مخصوص میثاق سنٹر قائم کردیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کاہنہ میثاق سنٹر کا افتتاح کیا۔ میثاق سینٹر میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر تعینات کیے گئے ہیں۔ میثاق سینٹر میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو پولیس سروسز فراہم کی جائیں گی۔ اقلیتی برادری کے دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ محسن نقوی نے میثاق سنٹر کاہنہ کے مختلف سروسز کاؤنٹرز کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے میثاق سینٹر میں موجود بچوں سے کرسمس گیت بھی سنا اور انہیں پیار کیا۔ میثاق سینٹر میں اقلیتی برادری کی مقدس کتابوں اور مقامات کے عکس بھی آویزاں کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا رمضان سیالوی، آرچ بشپ سیباسٹن فرانسس اور دیگر مسیحی رہنماؤں کے ہمراہ کیک کاٹا، دعائے خیر کی اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ وزیراعلی نے کہا جڑانوالہ واقعہ سے ہم نے سبق سیکھا کہ جھگڑے اور مسائل موقع پر صلح کراکے حل کیے جاسکتے ہیں۔ جڑانوالہ واقعہ کے دن آئی جی پولیس نے میثاق سینٹر بنانے کا مشورہ دیا، باہمی مشاورت اور مل جل کام کرنے سے کئی مسائل کا حل نکل آتا ہے۔ دوسری جانب 7 سال سے زیر التوا سپورٹس پراجیکٹ چند ماہ میں مکمل ہو گیا، محسن نقوی نے کابینہ کے ہمراہ گلبرگ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔ محسن نقوی نے جیمنزیم، بیڈ مینٹن انڈور ہال، سوئمنگ پول کا معائنہ کیا اور جیمنیزیم میں جدید ترین فلپ فلیپ اور دیگر ایکسرسائز مشین پر ورزش کا مشاہدہ کیا۔ تائیکوانڈو کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ محسن نقوی نے ایل ڈی اے ایپ پر سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ کے حصول کا مشاہدہ کیا اور فیس ادا کرکے سپورٹس کمپلیکس کی پہلی ممبر شپ بھی حاصل کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بیڈ منٹن اور سنوکر بھی کھیلی۔ محسن نقو ی نے صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر اور آئی جی کے ساتھ کیرم کھیلی۔ سپورٹس کمپلیکس لاہور کے شہریوں کی صحت اور تفریح کیلئے بہترین پراجیکٹ ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ شہری جو مہنگے کلب کی ممبرشپ نہیں لے سکتے یہاں اس سپورٹس کمپلیکس میں ممبر شپ لے پائیں گے۔ چیف سیکرٹری اور ڈی جی ایل ڈی اے کو ممبر شپ فیس مناسب رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہم الزام تراشی کے کھیل میں نہیں پڑنا چاہتے۔ ہماری کوشش ہے کہ جو پراجیکٹس زیر التواء ہیں ان کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔ ہمت نہیں ہاریں گے، جانے سے پہلے شروع کیے ہوئے پراجیکٹس مکمل کرکے جائیں گے۔ بابا گراؤنڈکی حالت بہتر کی جائے گی۔
الزام تراشی کے کھیل میں نہیں پڑنا چاہئے: محسن نقوی
Dec 26, 2023