اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں امن اور دوستی کا سبق سکھاتا ہے۔ اسلام بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جوکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کیلئے بیان بازی اور پراپیگنڈے کی نفی کرنا ہوگی۔ قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی ضرورت ہے پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہیں۔ ہمیں ایک پْرعزم اور مضبوط قوم کے طورپر اْبھرنے کیلئے متحد اور یکجان ہونا پڑے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وہ گزشتہ روز کرائس چرچ میں مسیحی برادری کی تقر یب سے خطاب کر رہے تھے۔ چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے مسیحی برادری کیلئے احترام کا اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے متحد و ترقی پسند پاکستان کیلئے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے اور معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ آرمی چیف نے قائداعظم کے147 ویں یوم پیدائش پر ان کے عظیم وژن اور قیادت کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 11 اگست1947 کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ قائداعظم نے فرمایا کہ آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کیلئے آزاد ہیں، قائداعظم نے فرمایا کہ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کیلئے آزاد ہیں۔ آرمی چیف نے تمام شعبوں اور ڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔
پراپیگنڈے کی نفی کرنا ہو گی،آرمی چیف: چرچ میں تقریب سے خطاب، کرسمس کی مبارکباد دی
Dec 26, 2023