لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کرکٹر عثمان خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عثمان خواجہ نے غزہ میں انسانی بحران پر توجہ دلائی ہے۔پیٹ کمنز نے کہا کہ عثمان خواجہ کی غزہ میں انسانی بحران پر توجہ دلانے کی کوشش جارحانہ نہیں تھی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کو میلبرن ٹیسٹ میں بلے اور جوتے پر امن کی علامت فاختہ کا نشان بنانے سے روکا ہے۔ آسٹریلوی اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ نے اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا سے کئی ملاقاتیں بھی کی تھیں۔باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے قبل عثمان خواجہ اپنے بلے پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم کے آرٹیکل ون کا حوالہ اور جوتے پر سیاہ فاختہ کی علامت کے ساتھ پریکٹس کرتے نظر آئے۔ عثمان خواجہ پہلے ٹیسٹ میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر کھیلے تھے۔عثمان خواجہ اپنے بلے پر سب کی زندگیاں برابر ہیں اورآزادی، انسانی حق ہے‘ کا نعرہ لکھنا چاہتے تھے۔آئی سی سی کا دہرا معیار، عثمان خواجہ نے دیگر کرکٹرز کے بلے پر نشان کی ویڈیو شیئر کردی۔آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کرسمس کی مبارکباد کے ساتھ ویڈیو شیئر کی ہے۔ویڈیو میں دیگر کھلاڑیوں کے بلے پر مذہبی اور دیگر نشان دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن نے بلے پر مسیحی مذہبی نشان کراس کا سٹیکر لگایا ہوا ہے۔ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کے بلے پر بائبل کا پیغام اور جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے بلے پر ہندو مذہب کا نشان بنا ہوا ہے۔