لاہور(سپورٹس رپورٹر) افغان کرکٹ بورڈ نے مجیب الرحمان، فضل فاروقی ،نوین الحق پر پابندی عائد کر دی۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق تینوں کھلاڑیوں کو2 سال تک لیگ کھیلنے کی این اوسی نہیں ملے گی۔ تینوں کھلاڑی ٹی20 لیگ کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ پردستخط نہیں کرنا چاہتے۔ ان کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ کرنے پر اصرار ان کی کمرشل لیگز میں شمولیت تھی جو اپنے ذاتی مفادات کو افغانستان کیلئے کھیلنے پر ترجیح دیتے تھے جسے قومی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی نے اے سی بی کی اعلیٰ انتظامیہ کو درج ذیل سفارشات پیش کیں۔ یکم جنوری 2024 سے تینوں کھلاڑی ایک سال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کے اہل نہیں ہوں گے۔ اس صورت میں ACB ضرورت پڑنے پر ایونٹس میں ان کی شرکت پر غور کرے گا اور فیصلہ کرے گا۔ ان کھلاڑیوں کو دو سال کے لیے نو آبجیکشن سر ٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنے کیلئے غیر اہل سمجھا جائے گا اور تمام موجودہ این او سی فوری طور پر منسوخ کر دئیے جائیں گے۔