لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ 8 فروری کو جمہور کی حکمرانی کا سورج طلوع ہو گا۔ خاندانوں اور موروثیت کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر پاکستان کو قائداعظم کے فرمان کے مطابق جدید اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ این اے 6 شاہی تحصیل ثمرباغ، دیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلعی امیر اعزازالملک افکاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ہر شعبہ میں ریفارمز لائے گی۔ اصلاحات کا محور عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی ہو گا۔ ہم انتظامی بجٹ کو کم، ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کریں گے، وی آئی پی اور غیرترقیاتی اخراجات کا خاتمہ کر کے طویل المیعاد منصوبے تشکیل دیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی 2050ء تک کا ویژن تیار کر رہی ہے، اللہ نے چاہا تو پاکستان قرض دینے والا ملک بن جائے گا۔ عوام پر 42 اقسام کے ٹیکسز ختم کر کے زمین کی پیداوار اور آمدن پر ٹیکس لگایا جائے گا، دولت کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے، جماعت اسلامی سود کا خاتمہ کر کے معیشت زکوٰۃ و عْشر کے اصولوں پر استوار کرے گی، مالداروں سے لے کر غریبوں کو دیں گے، معیشت کا بہاؤ نیچے سے اوپر کی طرف نہیں، اوپر سے نیچے کی طرف کریں گے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں گزشتہ 76برسوں سے ظالم جاگیرداروں، کرپٹ سرمایہ داروں اور چند خاندانوں کا تسلط قائم رہا، 35سال ڈکٹیٹروں تو بقیہ عرصہ سیاسی پارٹیوں کی نام نہاد جمہوری حکومتوں نے ضائع کیا۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری قوم کے لیے اپنی تقدیر بدلنے کا بہترین دن ہے، عوام اس روز ترازو پر مہر لگائیں اور خوشحال، کرپشن فری اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھیں۔