سربراہ پاک بحریہ کی تھائی لینڈ میں منعقدہ آٹھویں انڈین اوشین نیول سمپوزیم میں شرکت

Dec 26, 2023 | 15:25

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے تھائی لینڈ میں منعقدہ آٹھویں انڈین اوشین نیول سمپوزیم میں شرکت کی ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سمپوزیم میں بحر ہند میں امن و امان اور اراکین کی پائیدار ترقی کیلئے بلیو اکانومی سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ سمپوزیم میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے وفود، بحری افواج اور کوسٹ گارڈ کے سربراہان نے شرکت کی ۔ سربراہ پاک بحریہ نے کمانڈر قطر امیری نیول فورسز، کمانڈر انچیف رائل تھائی نیوی، کمانڈر رائل عمانی بحریہ، فرانس کے چیف آف نیول سٹاف، کمانڈر ایرانی بحریہ سے اہم ملاقاتیں کیں ۔ سربراہ پاک بحریہ کی روسی بحریہ کے ڈپٹی کمانڈر انچیف، فلیٹ کمانڈر آف رائل نیوی برطانیہ اور وائس چیف آف میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس جاپان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں ۔ ملاقاتوں کے دوران نیول چیف نے عالمی سطح پر میری ٹائم ڈومین میں بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ سربراہ پاک بحریہ نے بلیواکانومی سے فائدہ لینے کے لئے بحر ہند کے ممالک کے درمیان مزید تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا ،پاکستان 2014 سے انڈین اوشین نیول سمپوزیم کا سرگرم اور اہم رکن ہے۔ 

مزیدخبریں