لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی نے آئندہ قومی و صوبائی انتخابات کے انعقاد کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام سیاسی جماعتوں سے مو¿ثر مفید اور نتیجہ خیز مشاورت کے بعد ایک مکمل غیر جانبدار، دیانت داراور قابل افراد پر مشتمل مرکزی و صوبائی عبوری حکومتیں فی الفور قائم کی جائیں، انتخابات کے پُر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولنگ ڈے کے لیے فوج سمیت تمام اداروں سے مکمل معاونت حاصل کرنے ،بے نظیر انکم سپورٹ فنڈ کو سیاسی رشوت اور مفادات کے لیے استعمال کرنے پر سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور مستحق عوام کی امداد کے لیے اس فنڈ کا نام تبدیل کرکے اسے اسلامی جمہوریہ پاکستان فنڈ کا نام دینا چاہیے، جماعت اسلامی اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے باوجود زرداری کی طرف سے صدارتی و جماعتی دونوں عہدے اپنے پاس رکھنے پر اصرار کو آئین پاکستان اور دستوری روایات کے منافی خیال کرتی ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایوان صدر کی غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرے۔ یہ مطالبات امیر جماعت اسلامی سید منورحسن کی صدارت میں ہونے والے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورٰی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر مفصل بحث کے بعد متفقہ طور پر منظور کی گئی قرار داد میں کیے گئے ۔ قرارداد میںکہا گیا ہے کہ کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی ،تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر حکمرانوں کی مجرمانہ بے حسی اور تدفین کی منتظر لاشوں اور دھرنوں کو یکسر نظر انداز کرکے ذاتی محلات کی تعمیر اور محلاتی سازشی کھیل میں مصروفیت واضح کرتی ہے کہ ان حکمرانوں کی نظر میں انسانی جان کی قدر و قیمت ذرہ برابر بھی نہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تخریب کاری، دہشت گردی کے حالیہ واقعات ایک مرتبہ پھر یہ واضح کرتے ہیں کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اور پاکستان کی جیو پولیٹکل صورت حال کے پس منظر میں عالمی سازشیں عروج پر ہیں۔ پاکستان کو ایران سے گیس پائپ لائن فراہمی کے خلاف امریکہ کے دھمکی آمیز ردعمل ،گوادر پورٹ کے سلسلہ میں چین سے معاہدہ اور ایران کے خلاف امریکی عزائم کے حوالہ سے پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کا عالمی ایجنڈا بالکل واضح ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر ملک میں انتخابات کا فی الفور اعلان کیا جائے، قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیاہے کہ جماعت اسلامی پاکستان انشاءاللہ انتخابات کے یقینی، بروقت منصفانہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد، ہر طرح کی دہشت گردی و تخریب کاری اور کسی بھی غیر یقینی صورت حال کے خاتمہ کے سلسلہ میں تمام دینی و سیاسی جماعتوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی اور اشتراک عمل پیدا کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کرے گی۔