لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے مشیر اور پیپلزپارٹی پنجاب کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری دیوان غلام محی الدین نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں تخریب کاری کروا رہا ہے، پاکستانی قوم دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہے، جناب مجید نظامی اور نوائے وقت کا کشمیر کی آزادی کے لئے مﺅقف قومی امنگوں کا ترجمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حسنات شاہ اور سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس میاں منظور مانیکا کے ہمراہ دفتر نوائے وقت کے دورے کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ مجید نظامی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دیوان غلام محی الدین نے کہاکہ ایران کے ساتھ پاکستان کے ریفائنری اور گیس کے منصوبے سمیت چین کو گوادر دینے کی مخالف غیرملکی طاقتیں گھناﺅنا کھیل کھیل رہی ہیں۔ ڈاکٹر سید حسنات شاہ نے کہا کہ الیکشن مئی میں ہوں گے، این اے 105سے پیپلزپارٹی کے جیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی چودھری احمد مختار الیکشن لڑیں گے۔ پنجاب سے پیپلزپارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے متوقع امیدواروں کی چھان پھٹک میاں منظور وٹو، قمر الزمان کائرہ، امتیاز صفدر وڑائچ اور راجہ ریاض احمد پر مشتمل چار رکنی کمیٹی نے مکمل کرلی ہے جبکہ پارلیمانی بورڈ امیدواروں کا حتمی فیصلہ کریں گے۔ میاں منظور مانیکا نے کہاکہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بُری گورننس کی۔ انہوں نے میٹرو بس پراجیکٹ کو کرپشن کا شاہکار قرار دیا۔
”مجید نظامی اور نوائے وقت کا کشمیر کی آزادی کیلئے مﺅقف قومی امنگوں کا ترجمان ہے“
Feb 26, 2013