جوہانسبرگ (نیوز ایجنسیاں) دورہ انڈیا میں پاکستانی ٹیم کے فرنٹ لائن بولر کا کردار ادا کرنے والے جنید خان کی جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے، فاسٹ بولر کی گھٹنے کی انجری جلد ٹھیک ہونے کا امکان نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیں ہاتھ سے گیندبازی کرنے والے 23 سالہ جنید خان ابھی تک مکمل فٹ نہیں ہو سکے، فاسٹ بولر یکم اور 3 مارچ کو ٹونٹی ٹونٹی میچ بھی باہر بیٹھ کر دیکھیں گے۔ جنید خان کی فٹنس کو ٹیم مینجمنٹ ابھی تک چھپاتی رہی ہے لیکن ذرائع کے مطابق وہ گھٹنے کی اسی تکلیف کا پھر سے شکار ہیں جو سری لنکا میں بھی ہوئی تھی اور جنید خان 5 ماہ تک کرکٹ سے دور رہے تھے۔ واضح رہے کہ جنید خان نے دورہ جنوبی افریقہ میں صرف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جس کے بعد وہ انجری کا شکار ہوگئے تھے اس کے باوجود فاسٹ بولر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں کے لئے ٹیم کاحصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے 8 کھلاڑی جوہانسبرگ روانہ ہوگئے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی گذشتہ شب لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ سے براستہ دبئی جوہانسبرگ روانہ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ 2 ٹی 20 اور 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے جانے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی‘ عمر اکمل‘ کامران اکمل‘ شعیب ملک‘ احمد شہزاد‘ وہاب ریاض‘ اسد علی اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔ روانگی کے وقت کھلاڑیوں نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔ کرکٹ بورڈ کا کوئی عہدیدار کھلاڑیوں کے ساتھ موجود نہیں تھا۔ دوسری جانب ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر اظہر علی‘ سرفراز احمد‘ احسان عادل‘ حارث سہیل اور فیصل اقبال کی وطن واپسی ہوگئی۔