چنئی (اے پی پی) کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی شاندار بیٹنگ اور روی چندرن ایشون کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت بھارت کی چنئی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی۔ چوتھے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 515 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان ایم ایس دھونی 206 اور بھونیشور کمار 16 رنز پر کھیل رہے تھے، دھونی 224 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد جیمز پیٹنسن کا نشانہ بنے۔ بھونیشور کمار 38 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے۔ بھارت کی پوری ٹیم 192 رنز کی برتری کے ساتھ 572 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ جیمز پیٹنسن نے 5 ، نیتھن لائن نے 3 جبکہ پیٹر سڈل اور موسیس ہنیریکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسری اننگز میںکینگروز نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا لئے اور اسے 40 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ موسیس ہنریکس 75 اور نیتھن لائن 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ایڈ کاﺅن 32 ، شین واٹسن 17 ، ڈیوڈ وارنر 23 ، فلپ ہیوز صفر، کپتان مائیکل کلارک 31 ، میتھیو ویڈ 8 ، پیٹر سڈل 2 ، جیمز پیٹنسن 11 اور مچل سٹارک 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ روی چندرن ایشون نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔