محرومیاں دور کرنے کے لئے اپنے دور میں جنوبی پنجاب کو فنڈز دئیے : پرویز الہٰی

Feb 26, 2013

لاہور ( خصوصی رپورٹر ) نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کی طاقت سے ہم دوبارہ اقتدار پر آکر ترقی کا پہیہ رواں دواں کریں گے۔ خادم اعلیٰ کہلوانے والے کی شیخ چلی سکیمیں ناکام ہو چکی ہیں شہباز شریف سے بس تو چلتی نہیں ہے وہ پنجاب حکومت کیا چلائیں گے۔ یزمان میں جلسہ عام سے خطاب میں چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کرنے کے لئے فنڈز کا رخ اس کی طرف موڑ دیا تھا غریب بچوں کو میٹرک تک مفت تعلیم اور کتابیں دے کر پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی کوشش کی ہم نیک نیت لوگ ہےں ہمارے دور اقتدار میں پہلی دفعہ پٹواریوں کے چکر کے بغیر چھ ہزار سے زائد چولستانیوں کو الاٹمنٹ کی۔ نام نہاد خادم اعلیٰ نے گوالمنڈی کے لوگوں کو چولستان میں زمینیں الاٹ کیں۔ میں پنجاب حکومت کو چلنج کرتا ہوں وہ میرے پانچ سالہ دور کے کام اور اپنے کاموں کا عوام سے سروے کر والے تو پتہ چل جائے گا خادم اعلیٰ نے کتنی عوام کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ کی روٹی سکیم‘ مکینیکل تنور‘ پیلی ٹیکسی اور آشیانہ سکیم فیل ہو چکی ہے اور سات ارب روپے کی جنگلہ بس سکیم کو 70 ارب میں مکمل کی اور دو ارب روپے مالیت کا نیورو سائنسز منصوبہ جس سے بہاولپور کی عوام کو دو ہزار نوکریاں ملنی تھی اس منصوبے کو اٹھا کر لاہور لے گئے، بہاولپور کے ارکان اسمبلی کیا گونگے بہرے ہیں کہ وہ اپنے وزیر اعلیٰ کو نہیں روکتے۔ جلسہ عام سے سابق وزیر مملکت مخدوم خسرو مختیار‘ سابق ضلعی ناظم خانیوال سردار احمد خان ہراج‘ ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل اور چودھری احسان الحق نے بھی خطاب کیا۔ پرویز الٰہی نے نواب آف بہاولپور صلاح الدین عباسی سے ملاقات بھی کی، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ملاقات میں بہاولپور صوبہ بحالی کے ایشو پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، اہل بہاولپور کے ساتھ زیادتیا ں ہوئیں اور ہمیں بہاولپور کے لوگوں سے ہمدردی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں نے بطور وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب بالخصوص بہاولپور کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی، میں نے رحیم یارخان کی سیٹ رکھی تاکہ اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ کام کروا سکوں۔ انہوں نے کہا کہ نواب صلاح الدین عباسی کے مشن کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔ ہماری پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں بھی صوبہ بہاولپور کی بحالی کی حمایت کرتے ہوئے حق میں ووٹ دئیے۔ نواب صلاح الدین عباسی سے مذاکرات جاری ہیں، چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کریں گے اور انشاءاللہ جلد بہاولپوری عوام کو خوشخبری دیں گے۔ امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی نے اِس موقع پر کہا کہ مر جاﺅں گا لیکن بہاولپور کے حقوق کو نہیں چھوڑوں گا۔ اِس موقع پر حسن عسکری شیخ، جنرل سیکرٹری بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی میاں ایاز الیاس، مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید خان دولت زئی، ایڈیشنل سیکرٹری میاں رافت الرحمن رحمانی، پولیٹیکل سیکرٹری نواب آف بہاولپور محمد شہباز ہاشمی سمیت دیگر عہدیدار و کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

مزیدخبریں