لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ زر بابا چالیس چوروں کی ریکارڈ لوٹ مار کے باعث ملک کی معیشت تباہی کے دہانے تک پہنچ گئی ہے۔ نااہل حکمرانوں کی کرپشن پر ڈاکو اور چور بھی شرما جائیں۔ کھربوں روپے کی کرپشن کے میگا سکینڈلز وفاقی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ حکومت پانچ برس پورے کرنے کے باوجود ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نہیں نکال سکی، آج بھی ملک میں چاروں طرف اندھیرے ہیں، کرپشن کا بازار گرم ہے اور عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ کھاد سکینڈل، این آئی سی ایل سکینڈل، سیف سٹی سکینڈل، رینٹل پاور سکینڈل، اوگرا اور حج سکینڈل حکومت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کو اپنے سیاہ کارناموں کا جواب عوام کو دینا پڑے گا اور لوٹی ہوئی دولت قوم کو واپس کرنا ہو گی۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈکٹیٹر مشرف اور زرداری کے حواریوں نے سابق دور میں جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے نام پر ریکارڈ کرپشن کی جبکہ ہماری پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کے احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ سابق دور میں پڑھا لکھا پنجاب کے حوالے سے شور مچانے والوں نے اپنے دور میں شعبہ تعلیم کیلئے صرف 11 ارب روپے خرچ کئے جبکہ ہماری حکومت نے تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے اور 5 برس کے دوران 111 ارب روپے صرف کئے۔ کرپشن اور فراڈ کرنے والی سابق حکومت اور ہماری شفاف حکومت کی کارکردگی کا کوئی موازنہ ہی نہیں بنتا۔ شہباز شریف کے ساتھ فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملاقات کی، جس میں فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کا بنچ قائم کرنے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر ملنا چاہئے۔ وکلا برادری کے جائز مطالبات کے حق میں ہیں۔ فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بنچ کے قیام سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی اور فیصلہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور انہیں حل کرنے کے لئے بلاتاخیر ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ مےٹرو بس سے متعلق اجلاس میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت ہماری حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ گذشتہ 5 برس کے دوران پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے سابق دور میں موٹروے کی تعمیر کا عظیم کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے عام آدمی کو پبلک ٹرانسپورٹ کی جدید، آرام دہ، باکفایت اور تیز رفتار سہولیات کی فراہمی کیلئے ریکارڈ مدت میں میٹرو بس پراجیکٹ مکمل کیا ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔ میٹرو بس پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جو کہ اس عظیم الشان منصوبے پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ شہباز شریف نے معروف دانشور ڈاکٹر نذیر قیصر کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے سردار فتح محمد بزدار نے ملاقات کی۔ سابق تحصیل ناظم تونسہ سردار عثمان احمد بزدار اور طور خان بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور علاقے کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔