اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے انڈین بلائینڈ کرکٹ کونسل کو تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کےلئے پاکستان کے دورے کی دعوت دے دی ہے۔ پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائینڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے پیر کو اے پی پی کو بتایا کہ پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل نے رواں سال کے آخر میں بھارت کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے، انڈین بلائینڈ کرکٹ کونسل دورے کے حوالے سے آئندہ چند روز میں رپورٹ دے گی۔ سید سلطان نے کہا کہ یہ سیریز پاک بھارت کی بلائینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان سالانہ سیریز کی ایک کڑی ہے۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ بھارتی بلائینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے نارمل کرکٹ کو بھی فائدہ ہوگا۔