لاہور (سپورٹس رپورٹر) ریلوے سپورٹس بورڈ کے غیرقانونی تالے توڑ کر چارج لینے والے سپورٹس آفیسر عطا بٹ کا تبادلہ واپس اکاونٹس برانچ ہیڈکوارٹر میں کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں عطا بٹ کی غیرقانونی حرکت کا سخت نوٹس لیا گیا جس پر چیئرمین ریلوے نے عطا بٹ کے بطور سپورٹس آفیسر تقرر کے احکامات منسوخ کرتے ہوئے سابقہ سپورٹس آفیسر راشد بٹ کو ان جگہ واپس چارج دیدیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ریلوے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عطا بٹ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے بھی عطا بٹ کے بطور سپورٹس آفیسر تقرری کی منسوخی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔