لاہور (ثناءنیوز) بلوچستان میں تعینات ہونےوالے نئے آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے کالعدم تنظیموں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کی تھیں لیکن ان ملاقاتوں کا مقصد ملک میں امن کا قیام تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا ۔ مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ہم تمام کالعدم تنظیموں کے لوگوں سے ملتے تھے اور ملنے کا مقصد ملک اور صوبے میں امن کا قیام تھا انہیں امن کےلئے سمجھاتے تھے اور ان تنظیموں کے مطلوب افراد تک رسائی حاصل کر کے انہیں گرفتار کرنا تھا اور پھر انہیں انصاف کے کٹہرے تک پہنچانا تھا۔یہ تمام پولیس آفیسرز انٹیلی جنس ایجنسیز کے لوگ پوری دنیا میں ہر طرح کے لوگوں سے رابطہ رکھتے ہیں جو ہماری کالعدم تنظیمیں ہیں ان سے بات کریں اور ان کو باور کروائیں کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اس ملک میں امن سب کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کوئٹہ سے پوری طرح واقف نہیں لیکن کوئٹہ جا کر وہاں کے لوگوں کی حفاظت کےلئے جو کچھ ہو سکا کروں گا۔ جو ملزمان ہزارہ قبیلہ کے افراد کے خلاف جرائم میں ملوث رہے انہیں پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری میں میرے حوالہ سے کوئی غلط فہمی پھیلی ہے اس غلط فہمی کی بنیاد مس انفارمیشن ہے میں جاﺅنگا اور ہزارہ برادری سے ملوں گا تو انکے تحفظات دور ہو جائیں گے ۔ میں مشن ہی یہی لےکر جا رہا ہوں کہ انہیں تحفظ دینا ہے ۔