کراچی (نوائے وقت نیوز+ این این آئی) سندھ اسمبلی کا اجلاس صرف ڈیڑھ منٹ بعد بغیر کسی کارروائی کے 27فروری تک ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس ارکان کی غیرحاضری کے باعث ملتوی کیا گیا۔ اجلاس ملتوی ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی نے اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔ اس موقع پر رہنما ایم کیو ایم فیصل سبزواری نے کہا کہ سندھ اسمبلی کو مذاق بنا دیا گیا ہے، جلد بازی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا گیا۔ سندھ اسمبلی سے 6یونیورسٹیوں کے بل منظور کئے گئے، ایم کیو ایم نے بھرپور حمایت کی، اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرکے پارلیمانی روایات کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں۔ اس سے قبل سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمانی لیڈر پیر مظہرالحق کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، اسمبلی اجلاس کی ایجنڈا اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور ضروری لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام ترمشکلات اور سازشوں کے باوجود عام انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کرائے جائیں گے۔ اجلاس سے سید قائم علی شاہ، پیرمظہرالحق اور دیگر اراکین نے خطاب کیا۔ اجلاس میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گیا کہ موجود صوبائی اسمبلی اپنی آئینی مدت احسن طریقے سے پوری کر رہی ہے جو کہ ملکی تاریخ کا اہم مثال ہے۔ اجلاس میں 64ارکان اسمبلی موجود تھے۔