سیﺅل (اے پی پی) پارک جیون ہائی نے جنوبی کوریا کی پہلی خاتون صدر کے طور اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ جنوبی کوریا جوکہ براعظم ایشیا کی چوتھی بڑی اقتصادی قوت ہے، میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو عہدہ صدارت پر فائز کیا گیا ہے۔ پیر کو پارک جیون ہائی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا جس کیلئے جنوبی کوریا کی نیشنل اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقدہ کیا گیا۔ اسمبلی کی عمارت کے باہر 70 ہزار افراد جمع تھے جن سے جیون ہائی نے حلف اٹھانے کے بعد خطاب کیا۔ صدر پارک جیون ہائی نے صدر بننے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں شمالی کوریا کا نام لیتے ہوئے اس کو سخت دھمکیاں دیں اور اس کے جوہری پروگرام پر تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی کوریا کسی قسم کی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کرے گا خاص طور پر ایسے اشتعال آمیز اقدامات جن سے جنوبی کوریا اور ان کی عوام کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی اولین ترجیح ان کے ملک کی سلامتی اور استحکام رہے گی۔ انہوں نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور میزائل تجربوں کو جنوبی کوریا کے مستقبل اور سلامتی کیلئے چیلنج قرار دیا۔
”کسی قسم کی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کرینگے“ جنوبی کوریا کی پہلی خاتون صدر کا خطاب
Feb 26, 2013