اوباڑو / چکوال (نامہ نگاران) اوباڑو کے تحصیل ہسپتال میں ڈسپنسر نظیر احمد سیلرو پولیو ڈیوٹی کر رہا تھا کہ تین مسلح افراد تحصیل ہسپتال میں داخل ہوئے اور کلاشنکوف سے اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیو ورکر نظیر احمد سیلرو شدید زخمی ہو گیا۔ مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ زخمی کو طبی امداد کیلئے رحیم یار خان لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مزید برآں چکوال میں بھی پولیو قطرے پلانیوالوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ چکوال کے علاقہ چوآسیدن شاہ میں مسلح موٹر سائیکل سوار نے پولیو کے قطرے پلانیوالی ٹیم پر حملہ کر دیا اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں بھی دیں۔ ٹیم نے کام بند کر دیا۔ پولیو کے قطرے پلانیوالی ٹیم نمبر چار کی خالدہ پروین، ناصرہ بتول اور ہما گلشن محلہ چھپر میں پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف تھیں کہ موٹر سائیکل پر سوار اظہر حسین نامی شخص نے ٹیم پرحملہ کر دیا اور کولر چھیننے کی کوشش کی۔ موقع پر موجود لوگوں نے مداخلت کر کے جان چھڑائی۔ ٹیم نے فوری طور پر کام بند کر کے محکمہ صحت کے حکام سے رابطہ کیا اور انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ اظہر حسین کیخلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اوباڑو میں پولیو ورکر قتل، چکوال میں موٹر سائیکل سوار کا حملہ، مہم بند
Feb 26, 2014