کرپشن پر قابو نہ پایا تو بھارت ٹوٹ سکتا ہے: اروند کجریوال

Feb 26, 2014

نئی دہلی (اے پی اے) بھارتی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کا کہنا ہے کہ سیاسی نظام میں کرپشن پر قابو نہ پایا تو بھارت ٹوٹ سکتا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے برطانوی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ سیاستدان فرقہ ورانہ فسادات کے ذمہ دار ہیں، بدعنوانی پر قابو نہ پایا گیا تو لاکھوں بھارتی غریب اور جاہل رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے عہدے کی خواہش نہیں رکھتے۔کجریوال کا کہنا ہے کہ ’نریندر مودی، راہول گاندھی اور میڈیا سب انڈیا کے سب سے بڑے صنعتکار مکیش امبانی کی جیب میں رہتے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معلوم نہیں کہ ان کا مطلب کیا ہے، لیکن اگر یہ بات سچ ہے تو مسٹر کجریوال کی طرح (جو خود جہاں جگہ ملتی ہے سو جاتے ہیں) ان کی سادگی کو بھی سلام، بے چارے کافی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا کرپشن بھارت کی رگوں میں رچ بس گئی ہے لیکن ملک اس کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، یہ تاثر غلط ہے کہ کرپشن صرف شہری علاقوں کے چند لوگوں کا مسئلہ ہے بلکہ یہ پورے بھارت کا مسئلہ ہے اور تمام مسائل کی جڑ ہے، کرپشن کی وجہ سے ہی دیہی علاقوں کے لوگ بالخصوص کسان خودکشیاں کر رہے ہیں۔ اگر نریندر مودی یا راہول گاندھی انتخابات جیت گئے تو ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم بننے کا کوئی شوق نہیں بلکہ وہ بھارت کے کرپٹ نظام کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

مزیدخبریں