پنجاب یوتھ فیسٹیول :آج15 ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی جائیگی

لاہور (سپورٹس رپورٹر)صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میںگینز ریکارڈ بنانے کا سلسلہ آج شروع ہوگا۔ تین روز میں مجموعی طور پر 29 ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ آج 15 انفرادی گینز ریکارڈ قائم کرنے کیلئے پاکستانی نوجوان میدان میں اترینگے۔ ریکارڈز بنانے کا سلسلہ صبح گیارہ بجے شروع ہوگاجو رات آٹھ بجے تک جاری رہے گا۔ پہلا ریکارڈ ایک ہاتھ پر ایک منٹ میں 40 پائونڈ وزن کے ساتھ پش اپس لگانے کاہے جسے کیپٹن ارباب توڑنے کی کوشش کرینگے۔ یہ ریکارڈ31 پش اپس  کا برطانیہ کے پاس ہے۔ دوسرا ریکارڈ کیلوں کے بستر پر پانچ افراد کے سینڈوچ کی صورت میں لیٹنے کا ہوگاجسے مجتبٰی ، معراج ، حسن ، نعمان اور ارسلان توڑنے کی کوشش کرینگے۔  یہ ریکارڈبھارت  کا ہے۔تیسرے ریکارڈ میں ایم راشد سر سے ایک منٹ میں 44اخروٹ توڑنے کی کوشش کرینگے ۔یہ ریکارڈ بھارت  کاہے۔ چوتھے ریکارڈ میں فرحان ایوب بریک ڈانس کے سٹائل میں ایک منٹ میںزیادہ کپ اپس لگانے کا مظاہرہ کرینگے یہ ریکارڈ 22 کپ اپس کیساتھ برطانیہ کا ہے۔ پانچویں ریکارڈ میں کیپٹن ارباب الٹے ہاتھوں ایک منٹ میں زیادہ پش اپس لگانے کی کوشش کرینگے۔یہ ریکارڈ قطر کا ہے۔  چھٹے ریکارڈ میں 40 پائونڈ وزن کے ساتھ ندیم عباس الٹے ہاتھوں پر ایک منٹ میں امریکہ کا زیادہ پش اپس کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرینگے۔ ساتویں ریکارڈ میں مجتبٰی حسن نن چاقو کے ساتھ ایک منٹ میں اخروٹ توڑنے کا مظاہرہ کرینگے ۔ یہ ریکارڈ  49 اخروٹ توڑنے  کا چین  ہے۔ آٹھویں ریکارڈ میں علی حیدر برطانیہ کا ایک منٹ میں الٹے ہاتھوں پر 60 پائونڈ وزن کے ساتھ پش اپس لگائینگے۔  نویں ریکارڈ میں ظفر اقبال ایک منٹ میں 40پائونڈ وزن کے ساتھ پش اپس لگا کرلبنان کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرینگے۔ دسویں ریکارڈ میں کیپٹن ارباب24 گھنٹوں میں زیادہ پش اپس کا امریکی ریکارڈ توڑنے کیلئے میدان میں اترینگے ۔ گیارہویں ریکارڈ میں محمد اشرف 24 گھنٹوں میں زیادہ پل اپس کا امریکی ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرینگے۔ بارہواںریکار ڈایک گھنٹے میں زیادہ پش اپس لگانے کا بھارتی ریکارڈ توڑنے کیلئے شاہد عباس میدان میں اترینگے۔ تیرہواں ریکارڈ ایک گھٹنے میں الٹے ہاتھوں پر زیادہ پش اپس لگانے کا ہوگا جسے سجاد حسین توڑنے کی کوشش کریں گے یہ ریکارڈ برطانیہ کے پاس ہے۔  چودھویں ریکارڈ میں ظفر اقبال بارہ گھنٹوں میں زیادہ پش اپس لگاکر برطانیہ کا ریکارڈ جبکہ پندرہویں ریکارڈ میں کاشف علی بارہ گھنٹوں میں زیادہ پل اپس لگاکر برطانوی ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے۔یکم مارچ کو انڈو پاک گیمز کی افتتاحی تقریب میں 60 ہزار افراد بیک وقت قومی پرچم لہرانے کا ریکارڈقائم کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن