گلگت (آن لائن)گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں سرکاری محکموں میں ہونیوالی بھرتیوں کو شفاف بنانے کیلئے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ اسلامی تحریک کے رکن محمدشفع نے سرکاری اداروں میں بھرتیوں کو شفاف بنانے سے متعلق قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان پبلک سروس ٹریبونل،چیف کورٹ گلگت بلتستان، نیشنل بنک گلگت میں غیرشفاف بھرتیاں ہوئی ہیں۔ سپیکر اسمبلی حاجی فدامحمدناشادنے رولنگ دیتے ہوئے کہا حکومت سرکاری اداروں میں بھرتیوں کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ایوان میں رکن اسمبلی غلام حسین نے پی آئی اے کی طرف سے اسلام آباد سے گلگت سکردو کیلئے کرایوں میں کمی نہ کرنے سے متعلق قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کیلئے پی آئی اے نے کرایوں میں کمی کردی مگر گلگت بلتستان کو نظرانداز کر دیا گیا۔ ایوان نے قرارداد کی منظوری دیدی۔