واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جیمز کلپر نے کانگرس کی انٹیلی جنس کمیٹی کو بریفنگ دی۔ جیمز کلپر کے مطابق القاعدہ سے وابستہ لوگ پھر پاکستان اور افغانستان قدم جما رہے ہیں۔ القاعدہ کی باقیات پاکستان، افغانستان، شام، ترکی میں حملوں کیلئے وسائل دے رہی ہیں۔ القاعدہ سے وابستہ افراد دہشت گردی کیخلاف جنگ کے باوجود منظم ہو رہے ہیں ڈائیلاگ کی شروعات کے باوجود پاکستان بھارت تعلقات کشیدہ ہیں۔
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+آن لائن) امریکی سینیٹر جان مکین نے سینٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو پاکستان کو ایف 16 دینے کی منظوری پر تحفظات ہیں۔ اوباما انتظامیہ کو اس معاملے کو آئندہ انتظامیہ پر چھوڑنا چاہیے تھا۔ ایف 16 دینے سے امریکہ کے بھارت سے تعلقات پر اثر پڑے گا۔ قبل ازیں امریکی پیسفک کمانڈر ایڈمرل ہیری حارث نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کا بھارت امریکہ تعلقات کے بعض پہلو پر یقینی اثر پڑیگا۔ کانگریس کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی پیسفک کمانڈ کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ، بھارت کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہمارے متعدد ارکان کانگریس کو بھی اس حوالے سے تحفظات ہیں اور یقیناً ان تحفظات کو سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔