پی آئی اے کے 26 فیصد شیئر مینجمنٹ سمیت دیئے جائیں گے: چیئرمین نجکاری بورڈ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ایوان بالا کی خصوصی کمیٹی برائے پی آئی اے نے ایوی ایشن ڈویژن سے پاکستان ایئرویز کی تشکیل کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ خصوصی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مشاہد اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین نجکاری کمشن اور سینیٹر کامل علی آغا کے درمیان گرما گرمی ہوئی اور شرکاءاجلاس نے پی آئی اے کے امور پر مکمل تفصیلات نہ فراہم کرنے پر سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن کی سرزنش بھی کی۔ اجلاس کا ماحول اس وقت کشیدہ ہو گیا جب چیئرمین نجکاری کمشن محمد زبیر کی طرف سے کامل علی آغا کے مو¿قف کو فضول قرار دیا گیا جس کے جواب میں کامل علی آغا نے کہا چیئرمین نجکاری کمیشن اجلاس کو پی آئی اے کے بارے میں حقائق بتانے کے بجائے فضول جوابات سے وقت ضائع کر رہے ہیں۔ چیئرمین نجکاری کمشن کو اس وقت بھی ارکان کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب سوالات کے جواب تو سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن دے رہے تھے‘ لیکن محمد زبیر مداخلت کے مرتکب ہو رہے تھے۔ خصوصی کمیٹی نے سیکرٹری ایوی ایشن کو جو قائم مقام چیئرمین پی آئی اے بھی ہیں ، ادارے کے تمام اثاثوں کے نئے تخمینے تیار کرانے پی آئی اے میں خریداری کے نظام‘ کیٹرنگ کے ٹھیکوں کے طریق کار پر آئندہ اجلاس میں رپورٹس مانگ لیں۔مشاہد اللہ نے کہا غفلت اور نااہلی کی وجہ سے پی آئی اے کو خسارہ ہو رہا ہے۔
قائمہ کمیٹی/ پاکستان ائرویز

ای پیپر دی نیشن