لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے کہا ہے کہ بلا ثبوت کسی کی پگڑی اچھالی جانی چاہئے نہ ہی میڈیا ٹرائل کیا جائے۔ البتہ کسی کے خلاف نیب جیسے ادارے یا کسی اور کے پاس ثبوت ہوں تو وہ اسکا مقدمہ بنائیں اور چلائیں۔ وہ چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں خصوصی بچوں کے عالمی دن کے سلسلے میں پروگرام میں شرکت کے موقع پر نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔ تقریب میں خصوصی بچوں نے ٹیبلو شو قومی نغمے اور خاکے پیش کئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صرف سیاستدانوں نہیں ہر کسی کا احتساب ہوسکتا ہے جس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا تاہم پکڑیاں اچھالنا اور میڈیا ٹرائل کیا جانا کسی بھی صورت مناسب نہیں ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا نیب کیخلاف عدالت میں جا رہے ہیں تو وزیر تعلیم نے کہا کہ مجھ سمیت ہر کسی کو حق حاصل ہے کہ کسی سے شکایت ہو تو اسکے خلاف عدالت میں جائے تاہم انہوں نے مزید سوالوں کے جواب میں بس اتنا ہی کہا کہ جو میں نے پہلے کہا ہے و ہ کافی ہے۔
رانا مشہود
نیب یا کسی اور کے پاس ثبوت ہوں تو مقدمہ بنائیں اور چلائیں: رانا مشہود
Feb 26, 2016