ننکانہ: بیٹوں‘ بیٹی سے ملکر خاوند کو مار ڈالا‘ نعش گھر کے صحن میں دفنا دی

Feb 26, 2016

ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) نشئی شوہر کو بیٹوں اور بیٹی سے ملکر قتل کر دیا۔ نعش گھر کے صحن میں دفنا دی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر ننکانہ کے نواحی گاﺅں ڈھاری چدھڑاں کا 50سالہ محمد ریاض نشہ کا عادی تھا۔ وہ آئے روز اپنی بیوی پر تشدد کرتا جس کی وجہ سے اسکی بیوی رانی بی بی نے اپنے بیٹوں عبدالخالق‘ محمد خالد‘ عبدالجبار‘ عبدالقیوم‘ عبدالستار اور بیٹی تسلیم سے ملکر 6 فروری کو منہ پر تکیہ رکھ کر ریاض عرف ملنگ کو ہلاک کرکے گھر کے صحن میں دفن کر دیا اور اوپر اینٹوں کا فرش لگا دیا۔ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر نعش برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی۔ مقتول ریاض کے 7 بیٹوں میں سے دو بیٹوں صدام اور عبدالغفار کے علاوہ تمام بہن بھائیوں پر پولیس نے مقتول کے حقیقی بھائی سرفراز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے عبدالخالق کے علاوہ تمام ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی۔ اہل محلہ کاکہنا ہے کہ انہوں نے 10 روز سے ریاض کو نہیں دیکھا جس پر جب انہوں نے اسکی بیوی سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ وہ ملنگ ہے‘ کسی دربار پر گیا ہوا ہے، خود ہی واپس آجائیگا۔ مقتول ریاض عرف ملنگ کے سات بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہیں۔
ننکانہ/ خاوند قتل

مزیدخبریں