فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے عمران خان کے دوست جہانگیر ترین کسانوں کا خون چوس رہے ہیں اور چئیرمین تحریک انصاف ان کے منشی بن کر دفاع کررہے ہیں،پانامہ کیس میں ہم سپریم کورٹ سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔شیخ رشید موٹرسائیکل پر گھومتے تھے ، جائیداد کہاں سے آئی انہیں لال حویلی سے گھسیٹ کر باہر نکالیں گے۔ ہفتہ کو فیصل آباد فیسکو ہیڈ کوارٹرمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عابدشیرعلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)نے 3 نسلوں کا حساب دیا لیکن عدالتوں میں عمران خان نے کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا، عمران خان اپنے حواریوں کے کہنے پر سیاستدانوں اور قومی اداروں پر بغیر شواہد کے الزمات لگاتے ہیں جب کہ وہ خود اشتہاری ملزم ہیں اور ان کے اشتہارات عدالتوں میں جا بجا لگے ہوئے ہیں۔ ہم سیاسی انتقامی کارروائیوں کے بجائے عمران خان کو قانون سکھائیں گے اور عوام کے ساتھ مل کر ان کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گے۔وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے منی ٹریل دے دی ہے ہمارے مخالفین کب منی ٹریل دیں گے۔شاہ محمود قریشی کے حوالے سے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی جعلی پیر اور مخدوموں کے ڈبل شاہ ہیں، انہوں نے غریبوں کا پیسہ لوٹا ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید موٹر سائیکل پر گھومتے تھے ان کے پاس جائیداد کہاں سے آئی انہیں لال حویلی سے گھسیٹ کر باہر نکالیں گے۔ عابد شیر نے کہا اشتہاری عمران خان ملزم ہے اب پولیس انہیں ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرے گی، اب عمران خان کو قانون کا احترام کرنا بھی سکھانا پڑے گا۔
عابد شیر