لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ ہر فرد معاشرہ کا بہتر مستقبل ، تعلیم وتربیت ، تحفظ او رپورے خاندان کی بہتر ذہنی ، اخلاقی ،معاشرتی اور جسمانی نشوونماماں کی اچھی صحت سے مشروط ہے ،دنیا میں ہر بچہ قیمتی ہے اس لئے اس کی بہتر تعلیم و تربیت اور تحفظ کیلئے ماں کی زندگی کو بچانا بے حد ضروری ہے کیونکہ ماں کی آغوش اولین درسگاہ اور سب سے بڑی پناہ گاہ ہوتی ہے ، اس ضمن میں بچوںمیں مناسب وقفے اورفیملی پلاننگ سے متعلق جاری آگہی مہم کے ذریعے محکمہ بہبودآبادی عوام میں شعور اجاگر کررہاہے ۔ اس امر کااظہار یہاں صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں محکمہ بہبودآباد ی کے ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ بہبود آبادی کے مراکز میں کونسلرز اور لیڈی ڈاکٹرز فیملی پلاننگ سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار بخوبی ادا کررہی ہیں۔ پاپولیشن ویلفیئر کی تمام تر سرگرمیوں میں دینی سکالرز کو خصوصی طور پر شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ لوگوں کے دماغوں کو تمام تر وسوسوں سے پاک کرکے انہیں برتھ سپیسنگ اور بریسٹ فیڈ نگ کے حوالے سے دینی نقطہ نظر سے آگاہ کریں۔