اقتصادی تعاون تنظیم کا سربرای اجلاس یکم مارچ کو ہوگا، رکن ممالک سی پیک سے فائدہ اٹھائیں: سیکرٹری خارجہ

 سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لئے گیم چینجر اور معاون ثابت ہو گی‘ اس پرکشش موقع سے ایشیائی ملکوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے ای سی او کا فورم خطے میں روز گار کے ساز گار مواقع پیدا کرے گا‘ پاکستان ای سی او کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،افغانستان سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، ای سی اوکے تحت کابل میں افغانستان پر کانفرنس کاخیرمقدم کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق  اقتصادی تعاون تنظیم کے سینئر حکام کا افتتاحی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کو ای سی او سینئر حکام کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز احمدچوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تیرہویں اجلاس کی میزبانی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے ، اقتصادی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہوگا اوراجلاس کا مقصد خطے کے استحکام کا حصول ہے۔ ای سی اوکے تحت کابل میں افغانستان پر کانفرنس کاخیرمقدم کرتے ہیں اورپاکستان افغانستان سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ افغانستان کا استحکام خطے کے لئے پائیدار ہے۔اعزاز چوہدری نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری صرف پاکستان نہیں بلکہ ای سی او ارکان کے لئے مفید ثابت ہوگی۔ یہ منصوبہ خطے کے ترقیاتی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اس اجلاس کے انعقاد کا مقصد خطے کے استحکام کا حصول ہے۔ اس فورم کے ذریعے ہمیں ایک دوسرے سے تعلقات استوار کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گی۔ اس بہترین موقع سے تمام ایشیائی ملکوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے تنظیم کا فورم خطے میں روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا اقتصادی تعاون تنظیم ملکوں کیساتھ قریبی تعاون کے خواہاں ہیں جبکہ سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم خلیل ابراہیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ای سی او کے ذریعے تجارت‘ توانائی‘ مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں نئی راہیں کھلیں گی۔ اجلاس کے انعقاد سے مقصد کے حصول میں کامیابی حاصل ہو گی۔اقتصادی تعاون تنظیم(ای سی او) کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کادوروزہ اجلاس اسلام آباد میں کل(پیر کو) بھی جاری رہے گا۔  28فروری کووزارءخارجہ وزارتی کونسل کا اجلاس ہو گا۔ اس اجلاس میں ای سی او سربراہی اجلاس کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ سربراہی اجلاس کے اعلامیے کو حتمی شکل دی جائے گی اور16اکتوبر 2012کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر رپورٹ تیار کی جائے گی۔ یہ رپورٹ سربراہی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ای سی او ویژن2025کو بھی حتمی شکل دی جائے گی جس کی منظوری ای سی او سربراہی اجلاس نے دینی ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم(ای سی او) کے یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس کا موضوع ”علاقائی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ“ ہے۔ پاکستان سربراہی اجلاس میں چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے حوالے سے شرکاءکو بریفنگ بھی دے گا کیونکہ سی پیک اجلاس کے موضوع کے حوالے سے ایک شاندار مثال ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اجلاس کیلئے دارالحکومت کی شاہراہ دستور سبز پٹی کی زیبائش اور ای سی او سربراہان مملکت و حکومت کی تصاویر اور رنگ برنگ پھولوں سے سج رہی ہے۔ خیابان سہروردی‘ ایکسپریس وے‘ کشمیر ہائی وے اور جناح ایونیو سمیت تمام بڑی شاہراہوں کو مہمانوں کے آمد سے جڑے بینرز اور سامان زیبائش سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن